ملتان میں پرانی واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے اہم منصوبے پر کام شروع کیا جارہا ہے؛ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

148

ملتان،6فروری  (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملتان کا سب سے بڑااور دیرینہ مسئلہ سیوریج اور واٹر سپلائی کا ہے ، تحریک انصاف کی حکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، ملتان شہر میں سیوریج کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے کے آغاز کے بعد اب پرانی واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے اہم  منصوبے  پر بھی کام شروع کیا جارہا ہے۔

ہفتہ کی شام ممتاز آباد میں بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں  نے   کہا کہ یونین کونسل نمبر 50ممتازآباد میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ بڑے عرصے سے چل رہا تھا اب ممتاز آباد کی ہر گلی کی نشاندہی کر دی گئی ہے اور اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی کی نئی لائنیں ڈالی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی واسا ملتان شہر کے لئے میگا پراجیکٹ کے حصول میں میری معاونت کریں میں وزیراعظم پاکستان سے میگا پراجیکٹ کے لئے خاص طور پر بات کرکے اس کو پایہ تکمیل تک پہنچائوں گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمارا مقصد لوگوں کی بہتری اور بھلائی ہے ٹیم ورک کے ذریعے کام کرکے عوام کو ریلیف دینگے میں اپنے آپ کو اپنے حلقے تک محدود نہیں کرنا چاہتا میرا مقصد ملتان شہرکی ترقی ہے، چاہے وہ میرا حلقہ ہے یا نہیں ملتان شہر کی تعمیر وترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔

اس دوران ایم ڈی واسا ناصر اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوسی 50ممتاز آباد میں 12، 10، 8، 6، 4، اور3انچ کی کل 48ہزار فٹ نئی واٹر سپلائی کی لائنیں ڈالی جائینگی جس پر کل اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت آئیگی اور شہر کے اس گنجان آباد علاقے میں واٹر سپلائی کی مکسنگ کی شکایات کا تدارک ہوگا۔