لاہور،8 فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے حقیقی تبدیلی آئے گی،حقدار تک ترقی کا حق پہنچانے کیلئے دن رات سرگرم ہیں، کوئی رکاوٹ نہیں آنے دوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاںسخی سرور میں کوہ سلیمان کے تمن داروں، معززین اور مقامی لوگوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔ تمن داروں، معززین اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں نے علاقے کی ترقی کیلئے تجاویز پیش کیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سخی سرور سمیت کوہ سلیمان کے علاقوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔ لوگوں نے اپنے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو درخواستیں بھی دیں،وزیراعلیٰ نے خود درخواستیں وصول کیں اور متعلقہ حکام کو عملدرآمد کیلئے احکامات صادر کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر شہر اور ہر قصبے کے لوگوں کی بھرپور خدمت کا عزم رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برسوں سے رکے ہوئے ترقی کے سفر کی وجہ سے متعدد علاقے پسماندگی کا شکار رہے جبکہ اب دن بدلیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مقامی لوگو ں کی بھرتی کیلئے قواعد و ضوابط میں ضروری تبدیلی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ صحت،تعلیم، پولیس اور دیگر محکمو ں میں بھرتی کیلئے مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں اور تعلیمی ادارو ں کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ سخی سرور میں کروڑوں روپے کے زیرتکمیل منصوبے جلد مکمل کرائیں گے۔انھوں نے کہا کہ چھوٹے اور انٹرمیڈیٹ ڈیم بننے سے نہ صرف آبپاشی بلکہ پینے کیلئے بھی صاف پانی میسر ہوگا۔