وزیراعظم عمران خان  کا جیلانی پارک میں اربن فاریسٹ کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

109

لاہور،12فروری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے طویل المدتی منصوبوں کی ضرورت ہے، اربن فاریسٹ کا یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، لاہور ایک سرسبز شہر تھا جس کے ماحول پر ماضی میں کوئی توجہ نہیں دی گئی، اب ہم ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے گرین بیلٹس  میں اضافہ کرنے جا رہے ہیں، گذشتہ ادوار میں لاہور شہر کا 70 فیصد گرین بیلٹ ختم کر دیا گیا ، دھند اور سموگ کی وجہ سے ماحول اور انسانی صحت پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جیلانی پارک میں اربن فاریسٹ کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے میاواکی پودا لگا کر منصوبہ کا افتتاح کیا جس کے تحت 50 مقامات پر جنگلات لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو منصوبہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے لاہور میں سموگ سمیت آلودگی کی شرح بہت بلند ہے، فضائی آلودگی  شہریوں خصوصاً بزرگوں اور بچوں کی صحت کیلئے بہت نقصان دہ ہے، لاہور میں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے سبزے میں اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 50 علاقوں میں نئے جنگلات کی بڑھوتری کو سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے،عوام کو بھی جنگلات سے آگاہی کیلئے اقدامات کئے جائیں،ملک بھر میں شجرکاری کا موسم شروع ہو رہا ہے،دریائے سندھ کے دائیں جانب زیتون کے پودے کاشت کر رہے ہی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔