ملتان، 13 فروری (اے پی پی):ملتان شہر کو پھولوں اورروشنیوں کا شہر بنانے کیلئےڈویژنل انتظامیہ پرعزم ہو گئی ہے،شہر میں جشن بہاراں، لوک ورثہ میلہ سجانے کیلئے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے پی ایچ کو بڑے پیمانے پر پھولدار پودے لگانے کی ہدایت کر دی ہے۔کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ 22 فروری سے ڈویژنل شجرکاری مہم کا آغاز کیا جائے گا اور گرین کلین مہم کے تحت لوکل اجناس کے تیار درخت لگائے جائیں گے۔ جاوید اختر محمود نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو چوک کمہارانوالہ تا سہو چوک تک لائٹس لگانے کا ٹاسک دے دیا ہے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن خراب پولز تبدیل،سٹریٹ لائٹس فعال کرے۔
کمشنر نے کہا کہ تمام لائٹوں کا فارنزک ٹیسٹ کروایا جائے گا، کارپوریشن کو مستحکم کرنے کیلئے 1 اسکوئیٹر، 2 ٹرک خریدنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکولیشن برانچ کو مستحکم کرکے انسداد تجاوزات آپریشن میں تیزی لائی جائے گی۔
کمشنر نے پی ایچ اے کو قلعہ کہنہ قاسم باغ کے اطراف جاگنگ ٹریک بنانے کا ٹاسک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جوائنٹ سپیشل اسکواڈ مرتب کرے اور بلڈنگ میٹیریل دکانوں کی شہر میں بھرمار کو کنٹرول کرنے بارے میکنزم بنایا جائے۔
جاوید اختر محمود نے لوک ورثہ میلہ کے فول پروف انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کی تفریح کیلئے لوک ورثہ میلہ کو یادگار بنائیں گے۔