پشین،16 فروری(اے پی پی): بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین تھری پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے، پولنگ کا آغا صبح 8 بجے سے ہوا جو بغیر کسی وقفے کےشام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل ہیں، حلقے میں پرامن پولنگ کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پولیس ،لیویز ، ایف سی کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
حلقہ PB 20 پشین تھری بلوچستان ضلع پشین کی دو تحصیلوں حرمزئی اور سرانان پر مشتمل ہیں جس میں مختلف علاقے کلی حرمزئی، شنغرئی، شکرزئی، سیمزئی، علی زئی، ملیزئی، کربلا،ہیکلزئی،سرانان بٹے زئی، اجرم اور بادیزئی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ اس حلقے کی کل ووٹروں کی تعداد 99849ہیں۔جس میں 58126مرد اور 41723خواتین ووٹر ہیں۔اس انتخابی حلقے میں ٹوٹل 113پولنگ اسٹیشن ہیں، جس میں 45مردانہ، 37زنانہ اور 31مشترکہ پولنگ اسٹیشن ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ سیٹ جمیعت علماء اسلام (ف) کے سابق رکن بلوچستان اسمبلی سید فضل آغا کے کرونا وائرس کے باعث انتقال سے خالی ہوئی تھی۔ اس نشست پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی حمایت یافتہ جمیعت علماء اسلام (ف) کے امیدوار سید عزیزاللہ آغا اور بلوچستان کی حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے عصمت اللہ ترین کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ آزاد امیدواران سید عصمت اللہ، ساجد خان کاکڑ اور سید امرالدین آغا بھی قسمت آزمائی کرہے ہیں تاہم حتمی فیصلہ حلقے کی عوام کریں گے۔