تحصیل لالیاں میں سیلانی لنگر خانہ و پناہ گاہ کا افتتاح کر دیا گیا

197

چنیوٹ، 15 فروری ( اےپی پی):  تحصیل لالیاں میں سیلانی لنگر خانہ و پناہ گاہ کا افتتاح کر دیا گیا ، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ایم پی اے مہر تیمور امجد لالی نے ڈی پی او بلال ظفر ، اسسٹنٹ کمشنر فضل عباس ، سماجی شخصیت چوہدری مسعود اقبال و دیگر کے ہمراہ لنگر خانہ و پناہ گاہ کا افتتاح کیا ،اس موقع پر وکلاء ، صحافی برادری اور سول سوساءٹی کے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے ، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس لنگر خانے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چنیوٹ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بنائے گئے سیلانی کچن سے کھانامفت فراہم کیا جائے گا ، انہوں نے مزید بتایا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال لالیاں میں مریضوں اور انکے لواحقین کو بھی کھانا مفت فراہم کیا جائے گا ،انہوں نے مزید بتایا کہ چند روز قبل ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ میں مین کوکنگ ایریا کا افتتاح کیا گیا تھا جس میں چیئرمین سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان حاجی بشیر احمد فاروقی نے خصوصی طور پر شرکت کی تھی ،اس کوکنگ ایریا میں روزانہ 3 ہزار افراد کا کھانا بنایا جارہا ہے ، یہ کھاناضلع میں قائم 5 لنگر کھانوں میں مفت تقسیم کیا جارہا ہے ، لنگر خانے ڈی ایچ کیو، جھنگ روڈ، سرگودھا روڈ چنیوٹ ، تحصیل بھوانہ و تحصیل لالیاں میں قائم کیے گئے ہیں ، انہوں نے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم کاوش پر آپ لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔