گلگت۔17فروری ( اےپی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ہیلتھ ریفارمز کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون میں تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں کو ہر صورت فعال کیا جائے جس کیلئے درکار وسائل کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔ ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں کیلئے درکار مشینری، آلات کی خریداری کا پی سی ون جلد تیار کیا جائے۔ ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں کی رہائش کا بندوبست کیا جائے گا جس کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی گئیں ہیں۔ صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کرارہے ہیں۔ حکومت پنجاب 110 پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹریننگ کا بندوبست کررہی ہے اور ڈاکٹروں کی پوسٹ گریجویٹ کے نشستوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ صوبے میں جنرل نرسز کے تعداد میں اضافے کیلئے آسامیاں تخلیق کی جارہی ہے۔ میڈیکل اور نرسنگ کالج کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پہلے مرحلے میں ہاؤس جاب پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں فیلو شپ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ دور دراز علاقوں کیلئے ٹیلی میڈیسن کا پروگرام بہت جلد شروع کیا جارہاہے۔ ہسپتالوں میں معیاری اور بروقت ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کمپنیوں سے ادویات کی خریداری کی جائے گی۔ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا۔