گھوٹکی،21فروری(اے پی پی):ایس ایس پی گھوٹکی عمر طفیل کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر میرپورماتھیلو پولیس لائن میں دو روزہ مفت طبی کیمپ لگایا گیا جس میں ڈاکٹر عیسٰی لیب کی پوری ٹیم نے 1200 اہلکاروں کا مکمل معائنہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1200 جبکہ دوسرے مرحلے میں 1800 پولیس اہلکاروں سمیت 3 ہزار پولیس اہلکاروں کا معائنہ کرکے مکمل اعلاج معالجہ بھی کرایا جائے گا۔
اس موقع پر پولیس لائن میں باقاعدہ کیمپ کا افتتاح روٹری کلب کراچی کے گورنر گولڈ میڈیلسٹ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسٰی نے کیا۔منعقدہ تقریب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ عیسی لیب کی ٹیم روٹری کلب کےتعاون سے یہ خدمات بلامعاوضہ سرانجام دے رہی ہے، ضلع کے اس دورافتادہ علاقوں میں پولیس اہلکاروں کا مکمل معائنہ کیا جارہا ہے اور خون کے نمونے لئے گئے ہیں جس میں ہیپاٹائٹس بی سی، ایچ آئی وی ایڈز، شوگر، جگر. ہڈیوں کے بھربھرے پن، آنکھوں کا معائنہ بھی شامل ہے۔ اس پر فی کس اہلکار 9 سے 10 ہزار روپے لاگت آرہی ہے اگر کسی اہلکار میں کسی بیماری کی تشخیص ہوجاتی ہے تو اسکا اعلاج بھی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند پولیس ہی لوگوں کا تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔
تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر عثمان عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے جوانوں کا طبی معائنہ خوش آئند قدم ہے، جس سے جان لیوا امراض کی تشخیص ہوجائے گی تاکہ مرض کا خاتمہ کیا جاسکے اور عیسی لیب کے تعاون سے جوانوں کی ہمت افزائی میں اضافہ ہوا ہے۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنروں علاقائی معززین اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی اور عمائیدین کو سندھ کی ثقافت سندھی اجرک چادریں ،تحائف ،شیلڈ اور تعریفی اسناد دیں گئیں۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا انکی قلیل تنخواہوں میں اتنے مہنگے ٹیسٹ ممکن نہیں تھے شاید وہ ساری عمر نہ کراتے مگر محکمہ پولیس اور عیسی لیبارٹری کے تعاون سے یہ ممکن ہوسکا ہے جس سے انکی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور وہ تعاون کرنے والے افسران اور اداروں کے شکر گزار ہیں۔