اسلام آباد،25فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےازبکستان میں پاکستان کے سفیر سید علی اسد گیلانی نے جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔سفیر سید علی اسد گیلانی نے وزیر خارجہ کو پاکستان اور ازبکستان کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے کی گئی سفارتی کاوشوں پر مفصل بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے سفیر موصوف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی و تجارتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
سفیر سید علی اسد گیلانی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔