اوکاڑہ،26فروری (اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اپنی نوعیت کا انتہائی اہم پروگرام ہے جو پنجاب کابالخصوص اور پاکستان کا بالعموم سافٹ امیج پوری دنیا کے سامنے لارہا ہےجوباصلا حیت نوجوانوں کو اپنے ہنر کے اظہار کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے اوکاڑکی زرخیز زمین کے با صلاحیت فنکار اپنے ہنر سے اپنا اور اپنے ضلع کا نام روشن کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے اوکاڑہ آرٹس کونسل میں پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سید ریاض ہمدانی نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے متعلق بتایا ۔ ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل انہی باہمت نوجوانوں سے جڑا ہوا ہے پنجاب حکومت نے آپ کے فن کے اظہار کے لئے ایک بہترین موقع آپ کو فراہم کیا ہے جس سے آپ بھر پور استفادہ کریں ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عامر عقیق نےمصوری ،شاعری،آلات موسیقی
،شارٹ سٹوری کے مقابلے اور گائیکی کے مقابلوں میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے بھی الگ الگ ملاقات کی اور ان نوجوانوں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھا ۔ ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے پینٹنگ میں حصہ لینے والے خصوصی بچے حسنین رفیق جو کہ معذوری کے باوجود اپنے پاؤں سے پینٹنگ کے مقابلہ میں حصہ لے رہا تھا کی حوصلہ افزائی کی اور اس بچے کے ساتھ خصوصی طور پر تصاویر بھی بنوائیں۔
بعد ازاں ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ساہیوال ڈویژن سید ریاض ہمدانی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اوکاڑہ آرٹس کونسل حماد احمد چیمہ نے ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان کی جانب سے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے اوکاڑہ میں انعقاد کے لئے تمام سہولیات کی فراہمی اور انتظامی افسران کی جانب سے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔











