پشاور،26 فروری(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے آج یہاں پی ٹی آئی کے ممبران صوبائی اسمبلی کے لیے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا جسمیں ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ، سینیٹ انتخابات کے لئے پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں سمیت اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق عنی اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی شرکت کی ۔
ظہرانے میں پانج ممبران اسمبلی طبیعیت کی ناسازی، گھر میں بیماری اور دیگر ناگزیر وجوہات کی بناء پر شریک نہ ہوسکے لیکن انہوں نے وزیر اعلی سے رابطہ کرکے ان سے باقاعدہ اجازت لی تھی۔
اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی کو سینٹ انتخابات کے لیے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی اور انتخابی ہال میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی تاکید کرنے کے علاوہ نئے ممبران اسمبلی کو سینٹ انتخابات کے طریقہ کار پر باقاعدہ تربیت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر اعلی محمود خان نے ظہرانے میں شریک ممبران اسمبلی سے کہا کہ ہم انتخابات میں مکمل شفافیت کے علمبردار ہیں اور انشاءاللہ سینٹ انتخابات میں ہم اپنی تمام نشستیں جیتیں گے۔











