وطن عزیز میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور لاپروائی کے باعث سالانہ  ہزاروں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے: پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان

115

ملتان،26 فروری (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور لاپروائی کے باعث سالانہ  ہزاروں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے اس خطرناک شرح کو کم کرنے کی بھاری ذمہ داری ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کے کندھوں پر عائد ہے۔جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع میں ٹریفک کے حوالے سے شعور دینے کیلئے ماڈل روڈز مختص کی جائیں گی جن پر سفر کرنے والے ہر خاص و عام کو  تمام ٹریفک قوانین پر 100 فی صد عملدرآمد کرایا جائے گا۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس،این ایچ اے،ہائی وے پٹرولنگ سمیت پنجاب پولیس کی مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے زیادہ حادثات کی موجب روڈز کی انجنئیرنگ بہتر کرنے کی بھی حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان ٹریفک پولیس آفس کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کو ٹریفک آفس پہنچنے پر بھرپور گارڈ آف آنر دیا گیا جبکہ سی پی او محبوب رشید میاں اور سی ٹی او ظفر بزدار نے ایڈیشنل ائی جی کا استقبال کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور لائیو پروگرام میں شرکت کرکے آن ائیر آگاہی پیغام بھی دیا ۔ایڈیشنل آئی جی ظفر اقبال اعوان نے سی پی او محبوب رشید میاں کے ہمراہ  ٹریفک آفس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے ریڈیو پروگرام اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک مسائل کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کے تعاون سے موثر پلان کے ذریعے روڈ انجنئیرنگ پر خصوصی فوکس ہے۔ٹریفک پولیس کو کچہری سمیت گنجان آباد علاقوں کی شاہراؤں پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ملتان میں ٹریفک قوانین آگاہی کیلئے ماڈل روڈز متعارف کرائی جائیں جہاں روڈ فرنیچر مکمل کرکے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے بھرپور آگاہی دی جائے۔اس مھم کے اگلے مرحلے میں جنوبی پنجاب میں ہیلمٹ اور روڈ سیفٹی مھم کا آغاز بھی کیا جارہا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جاسکے۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس نے مزید کہا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے موٹر وے،پی ایچ پی اور ٹریفک پولیس مشترکہ لائحہ عمل تیار کرکے اپنی سفارشات پیش کرے جس پر قانون سازی عمل میں لانے کیلئے حکومت کو درخواست کی جائے گی۔ظفر اقبال اعوان نے واضح کیا کہ شہریوں کوں جرمانوں کی بھرمار کے بجائے ٹریفک قوانین کی پاسداری کا شعور دینا ترجیح ہے اس ضمن میں تعلیمی اداروں سمیت تاجر برادری میں بھرپور آگاہی مھم چلائی جائے اور نوجوانوں کو ٹریفک دفاتر کے وزٹ بھی کرائے جائیں۔ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ پولیس فورس کے فیلڈ میں مثبت امیج کو اجاگر کرنے کیلئے جوانوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تمام پولیس جوان اور افسران اپنی جسمانی صحت کو بہتر بنائیں تاکہ وردی کا تقدس بحال ہونے کے ساتھ بحیثیت پولیس مین عوام کو مثبت تبدیلی نظر آئے۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے ہدایت کی کہ ٹریفک ریڈیو پروگرامز کو سامعین کیلئے مزید دلچسپ بنایا جائے اور علاقائی زبانوں کو بھی فروغ دیا جائے۔قبل ازیں سی پی او محبوب رشید میاں نے امن و امان پر بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان میں جرائم کنٹرول کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر عمل پیرا ہیں ۔تاجر برادری کے تعاون سے مارکیٹس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور اضافی نفری بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ سٹریٹ کرائم کو مکمل روکا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ڈولفن اور ٹریفک پولیس کو روڈ سیفٹی مھم کے ذریعے قانون شکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا ٹاسک بھی دیا ہے۔دریں اثناء چیف ٹریفک آفیسر ظفر بزدار کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس  ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ  کا جدید کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کرارہی ہے جس سے شہریوں کی شکایات کا جلد ازالہ ممکن ہوسکے گا اور ٹیسٹ کے عمل میں مزید شفافیت آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں اور دفاتر  کے اوقات مدنظر رکھ کر ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔تجاوزات کے خاتمے  اور روڈز کو کشادہ کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے ملکر آپریشن کئے جارہے ہیں۔سی ٹی او نے صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کچہری  پارکنگ کی متبادل اراضی کے طور پر سابق اینٹی کرپشن کورٹ کو مختص کیا گیا ہے جس سے کچہری چوک پر ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے لائسنس برانچ سمیت مخلتف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور بریفننگ لی۔