ملتان 3مارچ(اے پی پی ): جنوبی پنجاب کے پہلے لوک ورثہ میلے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ، پانچ روزہ لوک ورثہ میلہ 10 مارچ سے شروع ہو کر15 مارچ تک جاری رہے گا،حکومت کی ہدایت پر14مارچ کو پنجاب کلچر ڈے منایا جائے گا ،سرائیکی کلچر پنجاب کلچر ڈے کا اہم حصہ ہو گا۔
لوک ورثہ میلہ ملتان کے سب سے خوبصورت سیاحتی مقام قلعہ کہنہ قاسم باغ پر اپنا رنگ جمائے گا میلے میں ڈھول بجے گا،شہنائی گونجے گی اور لوک موسیقی اپنے سُر بکھیرے گی اور وسیب کا ثقافتی جھومر ترنگ پیدا کرے گا اور مست دھمال بھی ڈالی جائے گی، صوفی نائٹ میں تصوف کا جادو محفل پر سحر طاری کرے گا جبکہ نامور صوفی گائیکہ صنم ماروی عارفانہ کلام کے ذریعے محفل کو چار چاند لگائے گی۔
روائتی کھانوں کے سٹال لگیں گے اور چانپ، ساگ،مسی روٹی اور مکھن کی خوشبو مہکے گی،فلاور شو بھی میلے کا حصہ ہو گا اور پھول رنگ بکھیریں گے،ثقافت پر مبنی بلیو پاٹری اور دیگر اشیاء کے سٹال لگیں گے اور کاریگر اپنا ہنر دکھائیں گے۔
پرفارمنگ آرٹ کے ایونٹس میں نامور فنکار اپنے فن کا لوہا منوائیں گے،ملتان کا مشہور کیمل ڈانس اور گھڑ ڈانس شائقین کا دل لبھائے گا، لوک ورثہ میلے میں کھیلوں کا میدان بھی لگے گا۔
میلے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی نے قلعے کا دورہ کیا اور محکمہ سمال انڈسٹریز کی ریجنل ڈائریکٹر عمارہ اور والڈ سٹی پراجیکٹ کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔
اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے لوک ورثہ میلے کو ایک یادگار ایونٹ بنانے کی ہدایت کی ہے اور میلے میں مرد، خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے تمام ایونٹس شامل کئے گئے ہیں۔
قمرالزمان قیصرانی نے کہا میلہ ضلعی انتظامیہ اور سمال انڈسٹریز کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے اور پورے جنوبی پنجاب کی عوام کو میلے سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اور پارکنگ کے مکمل انتظامات کئے جائیں گے اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کو بھرپور انداز سے سجایا جائے گا۔











