اسلام آباد،3مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 میاواکی اربن جنگلات قائم کرے گی جس سے شہر کے سرسبز رقبے میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
وہ بدھ کو یہاں پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر جیوفری شا کے ہمراہ ایف نائن پارک میں شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی جانب سے ایف نائن پارک کے میاواکی جنگل کے لئے 1200 درختوں کا تحفہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت نے پاکستان کی پہلی واٹر پالیسی کی تیاری میں معاونت کی ہے جبکہ بلوچستان میں خشک سالی کے اثرات سے نمٹنے میں بھی مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف نائن پارک میں میاواکی کا جنگل آسٹریلوی ہائی کمشن کا تحفہ ہے، میاواکی جنگل 10 سال میں تیار ہو جاتا ہے جبکہ اس کے برعکس روایتی جنگل کو 30 سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔
زرتاج گل نے کہا کہ صاف اور صحت افزا ماحول میں سانس لینا ہماری بنیادی ضرورت ہے اور شہری علاقوں میں سر سبز رقبے میں اضافے سے اس بنیادی ضرورت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 75 کروڑ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں اور رواں سیزن کے اختتام تک ہم اس پروگرام کے تحت پہلے ایک ارب درخت لگانے کا ہدف حاصل کر لیں گے۔
اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی پر عملدرآمد کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پولی تھین بیگ کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیوفری شا نے کہا کہ اسلام آباد میں شجرکاری سے شہری کا ماحول پہلے سے زیادہ صاف اور خوشگوار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے پاکستان کو مدد فراہم کر رہی ہے، نہ صرف یہ خطہ بلکہ پوری دنیا کو ماحولیاتی انحطاط کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کی دس بلین ٹری سونامی مہم کا خیر مقدم کرتے ہیں جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت پاکستان میں پینے کے صاف پانی اور سیلابوں سے بچائو کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔











