اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سےکرپشن کے بت بے نقاب ہوں گے ،ہر آنے والا دن پی ڈی ایم کو ایکسپوز کررہاہے، سینیٹ کے تقدس کو پامال کرنے والے بے نقاب ہوں گے ، سینیٹ کی ایک سیٹ کے لیے پی پی پی نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہر آنے والا دن عمران خان کے مؤقف کو درست ثابت کررہا ہے ، پاکستان میں نوٹوں کی سیاست دفن ہونے جارہی ہے ،ووٹ کو عزت دو کا نعرے لگانے والوں نے پسپائی اختیار کی،حیلے بہانے سے انہوں نے یہاں چھتری لگائی ،وڈیو نے پی ڈی ایم کے عزائم کو بے نقاب کیا، افسوس ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی عزت کو دائو پرلگا دیا گیا، پاکستان میں جمہوریت کی آبیاری کے چیمپئن کی ویڈیو سامنے آئی ، اس ایوان کے ایک رکن منظر عام سے غائب ہیں اور عدالتوں سے اشتہاری ہیں ،پی ایم ایل این اس ادارے کے قوانین اور روایات کو پامال کرنے کا باعث بنی ، ایوان کے انتخابات ہونے کے باوجود اسحاق ڈار نہ آ سکے ،عدالتی مفرور کو آج بھی اس ایوان میں نہیں لایا گیا،مفاد پرستوں کا ٹولہ ناکام ہو چکا ہے ، یہ ٹولہ پاکستان اس وقت آتا ہے جب اقتدار ہو اور سرکاری جہاز ہو ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، جو بھی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف تحقیقات کے بعد کارروائی کی جائے گی، یوسف رضا گیلانی نے خواب دیکھا ہے اور خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے نے اعتراف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو انہی کی ہے ، بیٹے اور باپ کی بات کی سچائی میڈیا دکھائے گا ، عبد الحفیظ شیخ پاکستان کی ضرورت ہیں اور پاکستان کو درست سمت لے کر جائیں گے ، 3درجن سے زائد ایم پی اے وزیر اعلی پنجاب پر اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں ۔











