ملتان، 4مارچ(اے پی پی ):جشن بہاراں کو کامیاب بنانے کے لئے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میدان میں آ گئی،ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی صفائی اور خوبصورتی کے لئے اسپیشل صفائی اسکواڈ تشکیل دے دیا ہے۔
ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے مطابق اسپیشل صفائی سکواڈ دو شفٹوں میں روزانہ قلعے کی صفائی کا کام سر انجام دے گا، اسپیشل صفائی سکواڈ کو ٹریکٹرز، سپرنکلرز اور چونا فراہم کر دیا گیا ہےجبکہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز نے قلعہ کے تمام سبزہ زار کی صفائی شروع کر دی گئی ہے۔
ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے مطابق گھاس اور درختوں کی شاخوں اور پتوں پر مشتمل تمام کچرا صاف کیا جارہا ہے قاسم باغ اور دمدمہ کی بھی صفائی ستھرائی شروع کر دی گئی ہےجبکہ درگاہ حضرت بہاالدین زکریا اور حضرت شاہ رکن عالم کی صفائی خصوصی پلان میں شامل ہیں۔
ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم سی جشن بہاراں کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے انتظامات کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم سی پہلا نمبر حاصل کرے گی۔











