جلالپورپیروالہ، 04مارچ ( اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز کی قیادت میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت دو کلومیٹر طویل گرین ریلی کا انعقاد کیا گیا ، ریلی کا آغاز عید گاہ چوک سے ہوا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے تحصیل چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
جس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سید مصلح الدین شاہ ،ڈپٹی ڈسٹرک ایجوکیشن آفیسر ملک خالد حسین بھٹہ سمیت تحصیل انتظامیہ کے آفیسران ،ٹریفک وارڈن پولیس اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
میڈیا بریفنگ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک خالد حسین بھٹہ نے کہا کہ اس مہم میں معاشرے کے تمام طبقات کو آگے آنا چاہیے اور گرین پاکستان مہم میں بھر پور شرکت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو گلوبل وارمنگ، ہیٹ ویوز سے محفوظ کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم کی جارہی ہے،ہمارا مشن ہے کہ شہر کو سرسبز بنائیں اوراسی سلسلے میں تحصیل بھر میں ہم 20ہزار پودے لگائیں گے، جس میں تمام ادارے بھر پور طریقے سے محنت کررہے ہیں اور انشااللہ وقت سے پہلے ٹارگٹ پورا کرلیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے پودے لگانے کیساتھ ساتھ ان کی نگہداشت بھی ہماری ہی ذمہ داری ہے۔