گلگت،4 مارچ ( اےپی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ جنگلات وجنگلی حیات کی جانب سے دیئے جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آر ایف فنڈز کے استعمال کے حوالے سے جامعہ پلان تیار کیاجائے۔ جنگلات کے تحفظ کیلئے مقامی کمیونٹی کی شراکت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے حکمت عملی تیارکی جائے۔ گلگت بلتستان میں پائے جانے والے قیمتی ہربل پلانٹس کے تحفظ اور استعفادہ حاصل کرنے کیلئے مقامی کمیونٹی کاتعاون یقینی بنایا جائے۔ جنگلات کے فروغ اور شجرکاری کیلئے دستیاب کل رقبے کے تعین کیلئے مکمل سروے کرایا جائے۔ گلگت بلتستان میں جنگلات کے فروغ اور شجرکاری کے حوالے سے روڈ میپ ویژن اور لانگ ٹرم پالیسی مرتب کی جائے۔ مقامی سطح پر درختوں کے نرسریوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ ملک کے دیگر علاقوں سے درخت لانے کے بجائے مقامی طور پر پیداوار کو ممکن بنایا جاسکے اورروزگار کے مواقع بھی میسر آسکیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پلاسٹک فری بنانے کیلئے پالیسی بنائی جائے گی۔ مقامی سطح پر پلاسٹک کی جگہ کپڑے اور کاغذ کے تھیلے متعارف کرائے جائیں گے۔