ایم کیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر خالد مقبول صدیقی کی قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد

114

اسلام آباد،6مارچ  (اے پی پی):ایم کیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر خالد مقبول صدیقی نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور جمہوری پاکستان چاہیے۔

 ہفتہ کو قومی اسمبلی میں اعتماد کی قرارداد کی منظوری کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم پر ایوان نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، آپ کو اس ایوان سے بروقت اعتماد ملا ہے۔ اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ قوم کو اعتماد اور اعتبار دیں۔ آپ کے فیصلوں میں اتحادیوں کی رائے کا شامل ہونا بھی ضروری ہے۔

انہوں  نے کہا کہ ہم نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،ہم صرف لینے والا ہاتھ بھی نہیں ہیں ہمارا دینے والا ہاتھ بھی ہے۔ پاکستان بنانے کا بھی کوئی مقصد تھا ہم چاہتے ہیں کہ یہ مقصد آپ کے ہاتھوں پورا ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کسان کی نمائندگی کسان کرے، کوئی جاگیردار نہ کرے۔ یہاں خاندان نہیں عوام بیٹھے ہوں،یہاں عام پاکستانی کو بیٹھا ہونا چاہیے۔

پارلیمانی لیڈر خالد مقبول صدیقی ہمیں آج یہاں سے تبدیلی کا سفر شروع کرنا چاہیے۔ کراچی شہر پورے پاکستان کو ریونیو دیتا ہے اور اتنے بڑے شہر میں  ایک  اور یونیورسٹی  کی ضرورت ہے ۔ ہمیں ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور جمہوری پاکستان چاہیے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ ہمارے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔