اسلام آباد،6مارچ (اے پی پی):عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے غریب کے لئے بے حد کام کیا ہے تاہم غریب عوام اور تنخوادار طبقےکی حالت بہتر بنانے کیلئے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے، جس طرح وزیراعظم نے ختم نبوت کا جھنڈا بلند کیا ہے اللہ پاکستان میں عمران خان کا جھنڈا بلند کرے گا۔
ہفتہ کو قومی اسمبلی میں اعتماد کی قرارداد کی منظوری کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ماضی میں میں نے اپنی زندگی میں دیکھا ہے کہ دس دس ، بارہ بارہ لوگوں نے پورے نظام کو اپ سیٹ کیا۔ عمران خان نے تباہ حال معیشت کو جس طرح سہارا دیا اور 20 ارب ڈالر کے خسارے کو سرپلس کیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ماضی میں کئی لوگوں کے ساتھ کام کیا ہے لیکن انہوں نے ایسے کام نہیں کیا جس طرح عمران خان نے کیا ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اڑھائی سال گزر گئے ہیں‘ اللہ نے وزیراعظم کو نئی سیاسی زندگی عطا کی ہے۔ وزیراعظم نے غریب کے لئے بے حد کام کیا، تاہم غریب عوام کی حالت بہتر بنانے کیلئے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ جاگیردار اور صنعتکار کسی کے نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار لوگوں کا گزارا نہیں ہو رہا۔ گریڈ 19 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، میں تجویز دیتا ہوں کہ گریڈ 22 تک کے ملازمین کو ریلیف دیا جائے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے پلوامہ کے واقعہ پر بھی دانشمندی سے کام لیا۔ انہوں نے کہا کہ42 ملکوں کی افواج نے ہماری قیادت میں مشقیں کیں اور ہماری عظیم پاک فوج دنیا کی 10بڑی افواج میں سے ایک بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں جس طرح کیس لڑا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔











