اسپیکر قومی اسمبلی کا خواتین کے خصوصی دن کی تقریب سے خطاب

50

اسلام آباد، 08 مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےپارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں خواتین کے خصوصی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی آف پاکستان نے خواتین کے عالمی دن کو خصوصی طور پر منانے کا اعادہ کیا ہے،  ملک کی ترقی کے لیے خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، خواتین نے زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور کردار ادا کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کو خصوصی خواتین کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، معذور خواتین کو زندگی میں درپیش معذوری کی وجہ پیش آنے والی مشکلات کو حل کرنا حکومت ترجیحات کا حصہ ہے، خصوصی خواتین کو زندگی کے دیگر شعبوں میں برابر کی نمائندگی دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، قومی اسمبلی میں خصوصی کمیٹی بنائی گئی جو خصوصی افراد کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے،  خصوصی افراد کے مسائل کے حل  کے لیے مختلف تنظیموں کے ساتھ یاداشتیوں پر دستخط بھی کیے ہیں، انھوں نے کہا کہ وویمن کاکس کی سیکرٹری جنرل منزہ حسن کا اس سلسلے میں کردار قابل ستائش ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجود حکومت خصوصی طور پر معذور خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، وویمن پارلیمنٹری کاکس خصوصی طور پر معذور خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور پارلیمنٹ ہاؤس کی بلڈنگ کو خصوصی افراد کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔