سیالکوٹ ؛ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گربلا سیداں میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا

60

سیالکوٹ،08مارچ (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب  کی  معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گربلا سیداں میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گربلا سیداں میں منعقدہ پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ کے عوام سے دلی محبت رکھتی ہوں،سیاست میں آنے کا مقصد خلق خدا کی خدمت ہے، بجلی اورسوئی گیس کی فراہمی سے دیہی علاقوں میں بسنے والے شہریوں کا معیار زندگی بلند ہورہا ہے، گربلا سیداں سے بہت عزت ملی میرا ان کے ساتھ دنیا اور آخرت کا رشتہ ہے۔

 معاون خصوصی نے کہاکہ عوام کی ضروریات، تکالیف اور مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام کسی پر احسان نہیں،عوام کا وہ حق ہے جس کیلئے عمران خان کی حکومت دن رات صدق دل سے کوشاں ہے اورایک ایک کرکے سارے مسائل حل کئے جارہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پی ٹی آئی حق پر ہے اورمیرے لئے یہ اعزاز کسی عزت و توقیر سے کم نہیں میں حق کی آواز بنوں، سیاسی بہروپیئے اور نسل در نسل قوم کو غلام بنانے والا ٹولہ عمران خان کے سامنے اپنے ذاتی مفادات کیلئے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز مہیا کئے جارہے ہیں۔

 معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ  پروردگار کی دی ہوئی طاقت اور ہمت سے عمران خان ٹھگوں سے ٹکرا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جھوٹ اور سچ میں کوئی مقابلہ نہیں، سیالکوٹ میں سیاست میں دھن کمانے والوں سے نیب کی پوچھ گچھ شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی زمینوں پر قبضہ کرکے محل بنانے والوں کے احتساب کا وقت قریب آچکا، ایک ایک کرکے تمام ٹھگوں کا حقیقی روپ عمران خان عوام  کے  سامنے بے نقاب کرے گااورہر ٹھگ کو اپنی ٹھگیوں کا حساب دینا ہوگا جبکہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے والوں کا کا محاسبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ نسل در نسل حکمرانی کرنے والوں سے نجات کاواحدذریعہ پی ٹی آئی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حق کا علم بلند ہوگااور طاقت ور کو للکارنا اصل جہاد ہے۔ انہوں نے کہاکہ طاقتور کو مسترد کرنے کیلئے جرات اور بہادری چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ میرا گھر ہے کے مسائل کا حل میری ذاتی، اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے۔