اسلام آباد،9مارچ (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک ترمیمی بل 2020 کے مسودے‘ سارک ممالک کے لئے 30لاکھ عطیہ دینے ‘ پاک روس نارتھ سائوتھ معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول اور مختلف تقرریوں کی منظوری دیدی ہے جبکہ وفاقی وزیراطلاعا ت سینیٹر شبلی فراز کہا ہے کہ ہماری حکومت نے سینٹ کے شفاف انتخابات کے لئے سنجیدہ کوشش کی تاہم الیکشن اسی دن غیر متنازعہ ہونگے جب اوپن بیلٹ سے الیکشن ہونگے۔ ہم تاریک قوتوں کو شکست دینے کے لئے پورا زور لگائیں گے ‘صادق سنجرانی چیئرمین سینٹ کا الیکشن جیتیں گے ۔ وہ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔ وفاقی وزیرا طلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے میٹرو بس سروس منصوبے پر غور کیا اور مختلف وجوہات کی بناءپر اس منصوبے میں تاخیر کا جائزہ لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان ترمیمی مسودے کا مقصد سٹیٹ بینک کو مزید بااختیار بنانا ہے ‘سٹیٹ بینک کا بنیادی کام افراط زر کو کنٹرول کرنا ہے ‘ ہماری حکومت نے سٹیٹ بینک کو مزید اختیارات دیئے ہیں کہ وہ آزادانہ طریقے سے اپنا کام جاری رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حقائق اور صورتحال کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں ‘ ماضی میں سٹیٹ بینک اتنا آزاد نہیں تھا ‘حکومتیں اس پر اثر انداز ہوتیں رہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سارک ریجنل پلیٹ فارم ہے ‘ حکومت نے 30لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا وعدہ کیا تھا تھا ۔ وفاقی وزیر ر فواد حسین چوہدری نے تجویز دی کہ ہم جو کوویڈ آلات بنارہے ہیں ان کو عطیہ میں شامل کریں ۔ انہو ں نے بتایا کہ براڈ شیٹ پر ایک کمیشن بنا ہوا ہے اس کے سربراہ جسٹس عظمت سعید ہیں ‘ انہوں نے کوئی بھی مراعات اور تنخواہ لینے سے معذرت کی ‘کابینہ نے اس کو سراہا ہے۔











