پشین،10مارچ (اے پی پی ):سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس محمدایوب اچکزئی نے سب جیل پشین کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ایس ایس پی نے جیل کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی حکام کو کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی، انہوں نے جیل کی سیکیورٹی چیک کرنے کے ساتھ ساتھ جیل کچن میں قیدیوں کو فراہم کئے جانے والے کھانے کا معیار بھی چیک کی۔
ایس ایس پی پشین نے جیل میں قیدیوں کی بیرکس کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں پر صفائی کے ساتھ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو استعمال میں لایا جائے گا۔
اس موقع پر سب جیل انچارج نے انہیں جیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی اصلاحی و اخلاقی تربیت بہت ضروری ہے تا کہ وہ سزا کاٹنے کے بعد مفید شہری بن سکیں۔
اس موقع پر انہوں نے قیدیوں کو کرونا ایس او پیز کے متعلق آگاہ کیا اور جیل حکام کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور قیدیوں سے بھی ان تدابیر پر عمل کروائیں۔
اس موقع پر سب ڈویژنل پولیس آفیسر ڈی ایس پی آغامحمد اچکزئی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ہیڈکوارٹر سید عظمت شاہ، سب جیل انچارج سجاد حسین، سب انسپکٹر روزی خان لمڑ اور ڈپٹی انچارج خلیل پٹھان بھی ان کے ہمراہ تھے۔