کوئٹہ 10 مارچ(اے پی پی): چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ میڈیا کا نہ صرف معاشرے اور حکومتی اقدامات پر رائے عامہ میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے بلکہ عوام کو معلومات کی فراہمی کا موثر ذریعہ بھی ہے سرکاری میڈیا کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کے ساتھ مربوط رابطہ سازی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے گئی ہے۔ متعلقہ محکمے صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو عوام کے سامنے لائیں تاکہ عوام کو بھی اس بارے میں آگاہی ہو کہ حکومت ان کیلئے کونسے منصوبے اور سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مثبت امیج عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے میڈیا کا کردار نہایت ہی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ذرائع ابلاغ میں بے انتہا جدت آجانے کے باوجود ریڈیو ایک موثر ترین اور سستا ذریعہ ابلاغ سمجھا جاتا ہے۔ریڈیو اپنی نشریات کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہر ایک کی پہنچ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی اور ریڈیو کی کوریج پورے صوبے میں پھیلائیں جائے تاکہ حکومت کے فلاح عامہ کے اقدامات، پالیسیوں اور میگا پراجیکٹس کے حوالے سے عوام کو باخبر اور آگاہ رکھا جا سکے۔اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن سہیل الرحمن بلوچ، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ عمران زرکون، جنرل منیجر پی ٹی وی کوئٹہ، اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان کوئٹہ نے شرکت کی۔











