عوام میں مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے تھانوں کو خوف کے بجائے تحفظ کی علامت بنانا مشن ہے،ظفراقبال اعوان

112

ملتان۔11مارچ  (اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے گزشتہ روز تھانہ صدر علی پور کا اچانک دورہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے اس موقع پر  تھانہ صدر میں قید حوالاتیوں سے ملاقات کی اور ریکارڈ چیک کیا۔انہوں نے  تھانہ صدر کے کوت میں اسلحہ و ایمونیشن بھی چیک کیا جبکہ تھانہ میں ملازمین کے رہائشی کمروں اور فرنٹ ڈیسک کی بھی انسپکشن کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ تھانہ جات پولیس محکمے کا چہرہ ہیں عوام میں مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے تھانوں کو خوف کے بجائے تحفظ کی علامت بنانا مشن ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تھانے میں آنیوالے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انکو انصاف کی فراہمی کیلئے تمام صلاحتیں صرف کی جائیں۔کیپٹن (ر)ظفر اقبال اعوان نے فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ  شکایت کنندہ اور ملزم پارٹی  کو طلب کرکے فریقین کا موقف سنا جائے اور میرٹ پر کارروائی کی جائے۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے ہیڈ پنجند چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں سے ملاقات بھی کی اور انکے مسائل دریافت کئے۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ پولیس جوانوں کو ہفتہ وار چھٹی اور دیگر سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔جرائم کو روکنے کیلئے جنوبی پنجاب کے مرکزی داخلی و خارجی راستوں پر موثر چیکنگ کے ذریعے جرائم کو روکا جائے۔اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے پولیس جوانوں کے مسائل بھی سنے اور احکامات جاری کئے۔