وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات, چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے ۔عثمان بزدار

98

لاہور 11مارچ (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے وزیر اعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں   پاک چین تعلقات کے فروغ، پنجاب میں جاری منصوبوں،صنعت،زراعت اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے شعبوں میں معاونت مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ چین کے سفیر نونگ رونگ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو چین کے دورے کی دعوت دی اور کورونا وباء پر قابو پانے کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کو سراہا جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی کورونا وباء کے دوران تعاون اور ویکسینیشن کی فراہمی پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین معاشی تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، سی پیک کے منصوبے پاکستان کی پائیدار ترقی کے سفر میں اہمیت کے حامل ہیں، پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول ہے، پنجاب حکومت نئے سپیشل اکنامک زونز قائم کر رہی ہے، چینی کمپنیاں سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کریں،ہر طرح کی مراعات اور سہولتیں دیں گے، سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی ہماری حکومت کی ترجیح ہے، غربت اور کرپشن کے خاتمے کیلئے چین نے گراں قدر کام کیاہے جسے پوری دنیا سراہتی ہے، اس ضمن میں چین کے کامیاب ماڈل سے فائدہ اٹھائیں گے۔

چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے، سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں، چین ترقی وخوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ ہے، چین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گا،صنعتی عمل تیز ہونے سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور غربت میں بھی کمی ہوگی۔