تمام ریجن مشترکہ پالیسی کے تحت بین الصوبائی گروہوں کیخلاف شکنجہ تیار کریں،  کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان

41

 

ملتان، 15 مارچ(اے پی پی): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں جنوبی پنجاب کے آر پی آوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی آر پی او سید خرم علی شاہ،آر پی او ڈیرہ غازی خان فیصل رانا اور آر پی او بہاولپور زبیر دریشک بھی موجود تھے۔

 کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے ڈکیت گروہوں اور اشتہاریوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا  کہ اغوا و زیادتی سمیت خواتین کے خلاف جرائم کے مرتکب افراد کو نشان عبرت بنایا جائے، تمام ریجن مشترکہ پالیسی کے تحت بین الصوبائی گروہوں کیخلاف شکنجہ تیار کریں ۔

ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ تھانوں کی حالت زار بہتر کرنے کیلئے پولیس افسران سرپرائز وزٹ کریں،  احساس مقامات اور مارکیٹس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ عوام سے رابطے موثر بنانے کیلئے مساجد اور عوامی مقامات میں کھلی کچہریاں لگائی جائیں ،  ہوائی فائرنگ،پتنگ بازی اور لاؤڈ سپیکر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے ۔

آر پی او سید خرم علی شاہ نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ جرائم میں کمی لانے کیلئے فیلڈ فورس کو خصوصی ٹارگٹ دیا گیا ہے ،  ڈولفن فورس اور محافظ سکواڈ کو سٹریٹ کرائم روکنے کیلئے مکمل فعال کردیا گیا ہے اور مؤثر پٹرولنگ اور ناکہ بندی کے ذریعے متعدد اشتہاری اور گینگ گرفتار کئے گئے ہیں۔