رحیم یار خان، 15 مارچ(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا اجلاس ہوا ، ا جلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری آصف مجید سمیت تعمیراتی محکموں کے افسران اور ارکان پارلیمنٹ کے نمائندگان نے شرکت کی ۔
رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کے اجلاس میں 32 ارب سے زائد لاگت کی 1640 ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے مختلف ترقیاتی سکیموں کے تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کے لئے تیز رفتار محکمہ جاتی اقدامات اٹھائے جائیں، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت میں حائل مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی محکموں کے افسران ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت بارے متعلقہ ارکان پارلیمنٹ کو آگاہ رکھیں ۔
ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری آصف مجید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت عوام کی محرومیوں کا ازالہ کر رہی ہے جبکہ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں تیز رفتار ترقی سے عوام کو ان کا حق دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کرنے کے لئے یہ موثر فورم ہے،ارکان پارلیمنٹ اس فورم میں ترقیاتی منصوبوں بارے اپنی آراء سے آگاہ کر سکتے ہیں۔











