ضلع سیالکوٹ میں کلین گرین پاکستان انڈکس کے فیزٹو کا  افتتاح  کر دیا

106

سیالکوٹ،15مارچ(اے پی پی):ضلع سیالکوٹ میں کلین گرین پاکستان انڈکس کے فیزٹو کی افتتاحی تقریب برقلعہ پر منعقد ہوئی ، صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق، مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف عثمان ڈار اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میر محمد نواز سمیت کلین گرین پاکستان انڈکس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرکاری افسران اور کلین گرین چیمپئن نے تقریب میں شرکت کی ۔

صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق اور مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کلین گرین پاکستان انڈکس کی افادیت اور اہمیت کے اعتبار سے پوری دنیا میں تسلیم شدہ ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم  کے ویژن کے مطابق  اس عوام دوست مہم اور مقابلہ کے نکات کو مرتب کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سرکاری محکموں کے اندر گرین انڈکس کے مطابق بھرپور اقدامات کئے گئے ، ضرورت اس امر کی کہ عوام الناس میں شعور اجاگر کیا جائے کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر صحت مند ماحول کو پروان چڑھانا ممکن نہیں اس ضمن میں بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے۔

 انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک سے شہر میں صاف پانی کے میگا پراجیکٹ کو تشکیل دیا ہے جس سے 4لاکھ سیالکوٹ کے باسیوں کو صاف ستھرے پانی کی ترسیل ممکن ہوگی اور اسی طرح پارکس کی اپ گریڈیشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں ۔

 چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کلین گرین پاکستان انڈکس کے قواعد و ضوابط بارے شرکاءکو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ نے کلین گرین انڈکس کے پہلے مرحلے میں سن آف سیالکوٹ کے تعاون سے ایک کروڑ 50لاکھ روپے کی لاگت سے شہر کے متعدد چوکوں اور چوراہوں میں خوبصورت یادگاروں کو تعمیر کیا جس میں ایک روپیہ بھی کارپوریشن کا خرچ نہیں ہوا۔

 ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر میر محمد نواز بھروانہ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے تحت کلین گرین پاکستان انڈکس کا دائرہ کار اربن علاقوں تک محدود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع سیالکوٹ کلین گرین پاکستان انڈکس میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور پہلی پوزیشن حاصل کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مربوط اور جامع لائن آف ایکشن تشکیل دیا جائے گا اور آج سے اس ضمن میں سرگرمیوں کا آغاز کیا جارہا ہے ۔