لاہور، 18مارچ (اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن جمیل احمد جمیل، ڈائریکٹر ایڈمن وسیم عباس اورسینئر ڈائریکٹر یاور مہدی نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے صدر دفتر میں ”ہیلپ ڈیسک” کا افتتا ح کر دیا ۔
ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹری کارپوریشن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ہیلپ ڈیسک کے قیام سے صنعت کاروں اور تاجر برادری کو اپنی کمپنی یا ادارہ رجسٹرڈ کروانے کے لئے سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجر برادری کو جہاں دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا وہیں اپنی کمپنی رجسٹرڈ کروانے کے لیے بھی مختلف دفاتر کے چکر لگانا پڑتے تھے۔اب حکومت نے تاجر برادری کی تکلیف کو مدِ نظر رکھتے ہوے یہ سہولت فراہم کی ہے جس سے کاروبار کرنے میں آسانیاں، دفتری کاروایوں میں تاخیر کا خاتمہ، آن لائن سرٹیفکیٹ کا حصول آسان تر ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی بجائے ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات میسر ہوں گیں جس سے کام کرنے میں آسانی اور وقت کی بھی بچت ہو گی۔











