اسلام آباد، 18 مارچ(اے پی پی ): اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر فواد چوہدری اور سینیٹر شبلی فراز نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ،ملاقات میں وزیراعظم کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے لیے لکھے گئے خط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ آئینی اور انتخابی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے ،پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے قومی اسمبلی اور سینٹ میں پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں وقوع پزیر ہونے والے واقعات نے ملکی سیاست کو نقصان پہنچایا ہے،موجودہ انتخابی قوانین اور طریق کار کو بدلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ سینٹ انتخابات کی شفافیت پر ہمیشہ کی طرح تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، انتخابات کے عمل میں آئینی ترامیم کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنانا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔











