اسلام آباد، 19 مارچ(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بنگلا دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے جمعہ کو یہاں وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی ۔اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش سمیت خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پراچھے دو طرفہ روابط کا خواہاں ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے حوالے خصوصی ہدایات دیں۔
بنگلا دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے وزیر خارجہ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے کی جانیوالی سفارتی کاوشوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور خصوصی ہدایات پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کی یقین دہانی کروائی۔











