لاہور،19مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنےمرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔اس موقع پرباہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرزا محمد آفریدی نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں موثر کردار پر وزیر اعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبے کی ترقی اور گورننس کے لئے مثالی اصلاحات پر وزیر اعلی عثمان بزدار کے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاکہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدواروں کی کامیابی شفاف پاکستان کی جیت ہے، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بلوچستان اور فاٹا کو نمائندگی ملی، سابق ادوار میں صرف مخصوص علاقے کے سیاستدانوں کو اہم عہدوں پر نمائندگی دی گئی جس سے پسماندہ علاقوں کی حق تلفی ہوئی ،الحمد اللہ تحریک انصاف نے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کو ان کاحق دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست سے ذاتی تجوریاں بھرنے والوں کا حال اور مستقبل دونوں تاریک ہیں،الیکشن میں منڈیاں لگانے والوں کی سیاست ختم ہو چکی ہے،پی ڈی ایم اب قصہ پارینہ بن چکی ہے ، اس ٹولے کی منفی سیاست کا دھڑن تختہ ہو چکا ہے،پاکستان میں صرف وزیر اعظم عمران خان کی شفاف سیاست ہی چلے گی۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے فاٹا میں ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت فاٹا کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مکمل معاونت کرے گی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فلاح عامہ کے لئے زبردست کام کئے ہیں ،وزیر اعلی عثمان بزدار نے رکاوٹوں کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں ،فاٹا کی عوام کی بہبود کے لئے تعاون کی پیشکش پر وزیر اعلی عثمان بزدارکے مشکور ہیں۔











