ملتان، 21 مارچ (اے پی پی): ملاوٹی مرچوں کی فروخت کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری،فوڈ سیفٹی ٹیم نے سمن آباد کالونی میں مصالحہ جات گرائنڈنگ یونٹ پر چھاپہ مارا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ سرخ مرچوں میں رنگ کی ملاوٹ ثابت ہونے پر قاسم ٹریڈرز کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ فوڈ آئٹمز کی خرید و فروخت کا ریکارڈ واضح نہیں تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ پیکنگ ایریا میں واش روم کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات بھی پائے گئے ہیں، دوران کارروائی 150 کلو سرخ مرچیں برآمد کرلی گئیں ہیں۔
رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ ملاوٹی مرچوں کے استعمال سے بلڈ پریشر اور دل کی مختلف بیماریاں جنم لیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹی خوراک بیچنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔











