عالمی یومِ ِ جنگلات ، گورنر سندھ کا  ایک ایکڑ پر” میاواکی ” ٹیکنیک سے اربن فارسٹ کا افتتاح

84

 کراچی، 21 مارچ (اے پی پی): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عالمی یومِ ِ جنگلات کی مناسبت سے  ہفتہ کو یہاں گورنر ہاﺅس کراچی میں ایک ایکڑ پر” میاواکی ” ٹیکنیک سے اربن فارسٹ کا افتتاح کر دیا،افتتاح کے بعد گورنر سندھ نے وزیر ِ اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے ہمراہ پودہ لگایا۔

اس موقع پر  صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آج ایک ایکڑ پر میاواکی فارسٹ کا قیام وزیر ِ اعظم عمران خان کے 10 بلین ٹری کے سلسلے کی کڑی ہے ، آج یہاں پر 30 مختلف اقسام کے درخت لگائے گئے ہیں جن میں 12 پھلوں کے اور 18 دوسرے اقسام کے درخت شامل ہیں ۔

عمران اسماعیل نے  کہا کہ آج عالمی یوم جنگلات منانے کا مقصد ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو وہ تحفہ واپس دینا ہے جس کے ساتھ ہم بڑے ہوئے ہیں ۔اس شہر میں مختلف نسلوں کے پرندے بسیرا کیا کرتے تھے جن کی آوازیں ہم سُنا کرتے تھے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ درختوں کے نا پید ہونے کے سبب عرصہ دراز سے یہاں کا رُخ نہیں کرتے ۔

   گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں کراچی کو کانکریڈ کے جنگل سے دوبارہ سر سبز بنانا ہے ۔اس سلسلے میں آج یہاں میاواکی فارسٹ کے قیام کے بعد ہم نے مختلف اداورں جن میں پورٹ قاسم ،کراچی پورٹ ٹرسٹ ، ریلوے ،پی آئی اے ، سِول ایویشن شامل ہیں کچھ زمین لی ہیں جن پر میاواکی فارسٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو نہ صرف ہماے شہر کی خوبصور تی میں اضافے کا باعث ہونگے بلکہ اربن فِلڈ کی کمی میں بھی معاون ثابت ہو نگے۔

  اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ میا واکی فارسٹ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ 10 گنا عام فارسٹ سے زیادہ گِرو کرتا ہے اور کاربن زیادہ اسٹور کرتا ہے جس کی اس شہر کو شدید ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم 10 بلین ٹری وژن کے تحت ہم مستقبل قریب میں ایک لاکھ ایکڑ مزید مینگروز بڑھانے جا رہے ہیں جس میں سے 30 ہزار ایکڑ ہو چکے ہیں ، مینگروز بہت اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ یہ 4 گنا زیادہ کاربن اسٹور کرتا ہے۔