خوشاب ؛صوبائی وزیر برائے جنگلات سردار محمد سبطین خان کا  جوہرآباد  کا  دورہ

72

خوشاب ،22مارچ(اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر برائے جنگلات سردار محمد سبطین خان ایک روزہ دورہ پر جوہرآباد پہنچ گئے۔دورہ کے دوران انہوں نے ڈی سی آفس جوہرآباد   میں ضلعی انتطامیہ اور دیگر محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر جنگلات نے کہا کہ حکومتِ پنجاب عوام کو بھرپور ریلیف  پہنچانے کے لئے بہت سنجیدہ ہے لہٰذا ضلعی انتظامیہ کھانے پینے کی بنیادی اشیاء سبزی،فروٹ اور چکن کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے اور انہیں مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائے۔

صوبائی وزیر نے اشیا کے نرخ نامے الصبح جلد دوکانداروں کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے صحت و صفائی کے حوالے سے ڈسڑکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو ہسپتالوں میں مریضوں کو کوروناایس او پیز کے تحت پوری طرح علاج معالجہ کرنے،ادویات کی فراہمی اور سرکاری ہسپتال میں مکمل صفائی رکھنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے کمپلیکس کے احاطہ میں شجرکاری مہم کا پودا لگاتے ہوئے کہا کہ درختوں کی کمی کو پورا کرنے اور وزیر اعظم پاکستان  کے ویژن کے مطابق زیادہ سے زیادہ شجر کاری کریں اور تمام محکمے اہداف کو پورا کریں۔ انہوں نے شجر کاری مہم  کے بارے میں عوام کی جانب سے مثبت رسپانس آنے کو بھی سراہا۔

صوبائی وزیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں ہسپتال میں ادویات کی فراہمی، صفائی اور دیگر طبی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ بھی   لیا۔