ملتان، 25 مارچ (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔سرکاری زمینوں کے علاوہ عام شہریوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کی زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرانا ہمارا ٹارگٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران1200 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جا چکی ہے جس کی مالیت 3 ارب90 کروڑ روپے بنتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جلالپور پیروالا میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران180 ایکڑ زمین واگزار کرائی گئی ہے۔واگزار کرائی گئی زمینسرکاری ریٹ کے مطابق قیمت 98 کروڑ روپے بنتی ہے۔ جلالپور پیروالا میں زیر قبضہ سو فیصد زمین واگزار کرا لی گئی ہے جبکہ ملتان شہر،تحصیل صدر اور شجاع آباد میں زیرقبضہ زمینوں کا ڈیٹا تیار کر لیا گیا ہے۔ان زمینوں کو واگزار کرانے کے لئے جلد گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 500 ایکڑ زمین کے حوالے سے عدالتوں میں کیسسز چل رہے ہیں۔عدالتوں سے فیصلہ حق میں آنے کی صورت میں یہ زمین بھی واگزار کرا لی جائے گی،ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ قابضین سے واگزار کی گئی زمین کا تاوان بھی وصول کیا جائے گا، واگزار کرائی گئی جن زمینوں پر فصلیں کاشت ہیں وہ سپرداری پر دے دی گئی ہیں