کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کرنے پر تاجروں کا انتہائی مشکور ہوں ؛ڈپٹی کمشنر ملتان کی تاجر نمائندوں سے گفتگو

22

ملتان، 3اپریل(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے تاجر نمائندوں  کے سولہ رکنی وفد نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔

دوران ملاقات گفتگو میں  ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ تاجر برادری کا ملکی معیشت میں بہت اہم کردار ہے ، کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کے حوالے سے تاجر برادری کا انتہائی مشکور ہوں۔انہوں   نے کہا کہ پوری دنیا کی طرح وطن عزیز کو بھی عالمی وباء کی تیسری لہر کا سامنا ہے، کورونا وباء کا خاتمہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کیا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ تاجر برادری کے  مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، سیوریج لائنوں سے نکالے گئے ویسٹ کو لفٹ کرنے کے لئے واسا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔انہوں نے کہا مین ہولز اور سیوریج لائنوں سے ویسٹ بروقت اٹھایا جانا ضروری ہے۔

علی شہزاد نے کہا کہ میپکو کو ہدایت کی جائے گی کہ شہر میں بچھائی گئی تاروں کو منظم کیا جائے اور  تجاوزات کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے جبکہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال کرنےکے لئے منظم منصوبہ بندی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کی جاری ہے، جس کیلئے کمپنی کو مالی خود انحصاری پر گامزن کرنا ضروری ہے ، کمپنی کے ذرائع آمدن میں اضافے سے مشینری خریدی جائے گی اور ہیومن ریسورس کو بھرتی کیا جائے گا، تاجر برادری کمپنی کے ریونیو جنریشن پلان پر عملدر آمد کے حوالے سے تعاون کرے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ غلہ منڈی،ٹمبر مارکیٹ اور لوہا مارکیٹ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

تاجروں کے وفد نے ملتان تعیناتی پر ڈپٹی کمشنر کو خوش آمدید کہا اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

ملاقات میں ظفراقبال صدیقی،عزیز الرحمان انصاری، چوہدری طارق کریم،زبیر خالد شامل تھے حافظ صادق حسین، عاصم شریف،ندیم قریشی، طیب ارائیں اور سیف اللہ شیخ  شامل تھے۔