ملتان، 07 اپریل (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی کی صدارت میں کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس دوران آئی جی پنجاب کی ہدایات پر ایس ایچ اوز کی تعیناتیوں اور رواں سال کے پہلے دو ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
آر پی او نے کہا کریمنل ریکارڈ مختلف سزاؤں کے حامل ایس ایچ اوز کو لائین حاضر کریں اور صاف ستھرے ریکارڈ کے حامل افسران ایس ایچ او لگائیں۔ انہوں نے کہا امن وامان برقرار رکھنے کے لئے پنجاب حکومت کی ترجیحات کو توجہ دی جائے۔
آر پی او نے کہا کہ ملتان ریجن میں دوماہ میں 65 جرائم پیشہ گروہ گرفتار کئے گئے ہیں ، 187 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 28977836 روپے مالیت کی ریکوری کی گئی۔ انہوں نے کہا اس دوران 7 پولیس مقابلے ہوئے اور ان مقابلوں میں 4 ڈاکو ہلاک4 زخمی 3 گرفتار ہوئے ، غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مہم میں 764 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد ہوئے اور 28 ہزار 579 گولیاں کارتوس برآمد کئے گئے۔
آر پی او نے کہا کہ منشیات کے خلاف مہم میں 1671 کلوگرام افیون،566.2 کلو گرام چرس برآمد کی گئی انہوں نے کہا 9 کلو 905 گرام ہیروئن،265.5 کلو گرام بھنگ بھی برآمد ہوئی جبکہ 7671 لیٹر لاہن اور 30 ہزار800 بوتل شراب برآمد کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی کو ہر صورت روکا جائے اور کہا کہ جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے سزائیں دلائیں۔
آر پی او نے کہا کہ عوام میں احساس تحفظ کو اجاگر کریں، کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے پولیس اور عوام میں قربت بڑھائیں انہوں نے کہا عوام کا تعاون حاصل کر کے معاشرتی و اخلاقی جرائم ختم کریں۔
اجلاس میں سی پی او منیر مسعود مارتھ،ڈی پی او وہاڑی زاہد نواز مروت سمیت ڈی پی او لودھراں سید کرار حسین،ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم شریک ہوئے۔