رحیم یار خان، 10 اپریل (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت کورونا کی صورتحال کا جائزہ اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر ضلع کو شدید متاثر کر رہی ہے ، کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ ریکارڈ ہو رہا ہے ۔ کورونا کیسز میں اضافہ کی زائد شرح تحصیل رحیم یار خان میں رپورٹ ہو رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ گزشتہ روز 51 کورونا مثبت کیس اور 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔ ضلع میں کورونا کے47902 ٹیسٹ کے دوران 3280 مثبت155 اموات رپورٹ ہوئی۔کورونا سےمتاثرہ 2446 مریض صحت یاب ہوئے
ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ پولیس، اساتذہ، پولیو ورکرز، وکلاء، میڈیا نمائندگان کو کورونا ویکسین لگانے کے لئے حکومت کو خط لکھا جائے ۔ عوام میں شعور اجاگر کیا جائے کہ وہ کورونا ویکسین ضرور لگوائیں۔
ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ 65 سال سے زائد عمر کے شہری شناختی کارڈ کے ہمراہ براہ راست ویکسی نیشن سنٹر جاکر ویکسین لگوا سکتے ہیں، ٹی ایچ کیو صادق آباد ویکسی نیشن سنٹر انچارج کو بہتر انتظامات پر تعریفی سرٹیفکیٹ دیا جائے ۔ ویکسی نیشن کی مناسبت سے سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وارڈ میں تعینات تمام طبی و دیگر عملہ کی ویکسی نیشن لازمی کرائی جائے ۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سخاوت رندھاوا، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید نے شرکت کی ۔