کوہلو؛پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز،31ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

18

کوہلو، 11اپریل(اے پی پی): بلوچستان بھر کی طرح کوہلو میں بھی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا، مہم کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر کوہلو عبدالستار مینگل نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں پانچ سال سے کم عمر کے بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالستار مینگل نے کہا کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم 11 اپریل سے 15 اپریل تک جاری رہے گی ، پولیو مہم کے سلسلے میں شہر میں پولیس جبکہ دیہاتوں میں لیویز اور حساس علاقوں میں ایف سی بلوچستان کے جوان پولیو ورکرز کے ساتھ فرائص سرانجام دیں گے۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر شیر زمان مری نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم میں ضلع بھر کے 31ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے،  مہم میں 158 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی جبکہ ضلع کے مختلف مقامات پر15 ٹرانزٹ پوائنٹ اور 26 فکسڈ پوائنٹ تشکیل دیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران کوہلو ،ماوند ، کاہان ،نساؤ ،جنت علی ، تمبو ، پژہ اور گرسنی سمیت دیگر علاقوں  میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔