ابوظہبی،19 اپریل (اے پی پی ):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ صدیوں پرانے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر اور بین الاقوامی نمائش 2020ء کے کمشنر جنرل نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیرخار جہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سال اکتوبر میں دبئی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش میں بھر پور شرکت کریگا۔
متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر نے بڑھتے دوطرفہ تعلقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے اپنے مکمل تعاون کا عندیہ دیا۔