ملتان ، 20 اپریل (اے پی پی ): کمشنر جاوید اختر محمود،ممبران قومی اسمبلی نے منگل کو یہاں رمضان بازار کا دورہ کیا،کمشنر نے صارفین سے اشیائے خوردونوش کے معیار اور قیمتوں بارے دریافت کیا اور مختلف سٹالز پر اشیاء کےمعیار، ناپ تول کے پیمانے کو بھی چیک کیا اورمضان بازاروں میں انتظامات پر اظہار اطمینان کیا ۔
کمشنر ملتان نے کہا کہ ڈویژن میں 23، ضلع ملتان میں 11 رمضان بازارمکمل فعال کر دیئے گئے ہیں ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے حکم پر رمضان بازاروں میں13 اشیائے ضروریہ پر25فیصد سبسڈی دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں عوام کا رش،حکومتی پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے ، کم قیمت پر بہترین معیار کی اشیاء کی فراہمی شہریوں کی رمضان بازاروں میں موجودگی کا سبب ہے جبکہ ڈویژن کے تمام رمضان بازاروں میں فئیرپرائس شاپس قائم کردی گئیں ہیں ۔
اس موقع پر کمشنر،ایم پی ایز نے بہترین انتظامات پر رمضان بازار کی انتظامیہ کی کاوش کو سراہا۔ممبر قومی اسمبلی واصف راں نے کہا حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی سبسڈی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب نے ماہ صیام میں شہریوں کیلئے ساڑھے پانچ ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا ہے۔
ممبر قومی اسمبلی سلیم لابر نے کہا کہ حکومت نے سستے رمضان بازار سجا کر شہریوں کو براہ راست ریلیف دیا ہے جبکہ طارق عبداللہ نے کہا کہ رمضان بازاروں میں کرونا کنٹرول بارے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے۔
فوکل پرسن رانا محسن نے کہا کہ آلو فیئر پرائس شاپ پر35روپے،رمضان بازار میں44روپے اور عام مارکیٹ میں46 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے۔فئیر پرائس شاپس پر آلو پر11 روپے فی کلو رعائت دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیئر پرائش شاپس پر اشیاء رمضان بازاروں سے بھی کم نرخ میں میسر ہیں ۔پیاز فئر پرائس شاپس پر 13روپے، رمضان بازار20روپے اور اوپن مارکیٹ میں22روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ فئیر پرائس شاپ پر ٹماٹر35روپے،رمضان بازار 44روپے اور اوپن مارکیٹ میں 46روپے فی کلو پر دستیاب ہے۔فئیر پرائس شاپ پر ٹماٹر پر فی کلو11 روپے رعائت حاصل ہے۔ رانا محسن نے کہا کہ دال چنا فئیر پرائس شاپس پر92 روپے،رمضان بازار120روپے اور اوپن مارکیٹ میں122 روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔فئیر پرائس شاپس پر فی کلو دال چنا پر30 روپے سبسڈی دی جارہی ہے۔ بیسن فئیر پرائس شاپس پر92روپے،رمضان بازاروں میں121روپے اور اوپن مارکیٹ میں123 روپے فی کلو میں سیل کیا جارہا ہے۔
رانا محسن نے کہا کہ فئیر پرائس شاپس پر بیسن پر فی کلو 31 روپے رعائت حاصل ہے،ان13 اشیاء کے علاوہ رمضان بازاروں میں کھانے پینے کی دیگر اشیاء بھی عام مارکیٹ سے بہت کم قیمت پر دستیاب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں آئل ملوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالز پر عام مارکیٹ سے گھی 15 روپے فی کلو کم قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔رمضان بازاروں میں چینی65 روپے فی کلو اور10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔