ملتان؛ڈپٹی کمشنرکا واپڈا کی ہائی ٹرانزمشن لائنوں کے پولز کے قریب مٹی نکالنے کے لئے  غیرقانونی کھدائی کا نوٹس

32

ملتان، 21اپریل(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا واپڈا  کی  ہائی ٹرانزمشن لائنوں کے پولز کے قریب مٹی نکالنے کے لئے  غیرقانونی کھدائی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کھدائی کرنیوالے عناصر  کو گرفتار کرنے اور مقدمات درج کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے یہ احکامات اپنی زیر صدارت منعقد ہونیوالے اجلاس میں جاری کئے ، اجلاس  این ٹی ڈی سی حکام کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا۔این ٹی ڈی سی حکام نے شجاع آباد روڈ پر واقع بستی غریب آباد موضع عالمگیر میں غیر قانونی کھدائی کی نشاندہی کی تھی۔ این ڈی سی حکام نے درخواست کی تھی کہ کھدائی سے ملتان سے سکھرجانیوالی ہائی ٹرانسمیشن لائن خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قواعد کے مطابق بجلی کے پولز کے اطراف میں 25 میٹر تک کھدائی نہیں کی جاسکتی ، کھدائی کرنیوالے عناصر کا یہ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی  شخص کو سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

 ڈپٹی کمشنر نے  اسسٹنٹ کمشنر کو مٹی کی کھدائی کرنیوالے عناصر  کے خلاف مقدمات درج کرانے کا حکم دیا جبکہ اے ڈی سی ریونیو کو مٹی کی کھدائی روکنے کے حوالے سے دفعہ144 کےنافذ کے لئے حکومت پنجاب کو  خط  لکھنے کی ہدایات جاری کی۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے شاخ مدینہ قادر پور راں میں ریت نکلے کے لئے کئی میٹر گہری کھدائی  کا بھی نوٹس لیا اور محکمہ معدنیات کو ریت کے حصول کے لئے  پالیسی میں تبدیلی کے حوالے سے حکومت پنجاب کو تجاویز بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ریت نکالنے کے لئے کھائی کی گہرائی کا تعین بہت ضروری ہے اور کہا ریت نکالنے کے لئے گہرائی کا تعین نہ کیا گیا تو بڑی بڑی کھائیاں قریب آبادیوں کے مکانوں کے لئے خطرہ بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گہری کھائیاں زیر زمین واٹر ٹیبل کو متاثر کرسکتی ہے جس سے ذرخیز زرعی رقبہ متاثر ہوسکتا ہے۔

اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان،اے سی صدرآبگینے خان ، ایکسین این ٹی ڈی سی ہاشم بھٹی اور محکمہ معدنیات کے ایس ڈی او بھی شریک ہوئے۔