بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں  ہندوستان برائے راست ملوث رہا ہے؛ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو

11

کوئٹہ، 22 اپریل( اے پی پی ):  وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ دھماکے میں چار افراد شہید جبکہ 12 کے قریب زخمی ہوئے ہیں،بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں  ہندوستان برائے راست ملوث رہا ہے۔

مقامی ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے  کہا کہ  ملک دشمنوں کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ یہاں افراتفری پھیلائیں، سفیر کی آمد کے موقع پر سیکورٹی ہائی الرٹ تھی،  ہمیں اس طرح کی تھریٹ نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ   چائینز سفیر  دھماکے کے وقت ہوٹل میں موجود نہیں تھے، وہ دھماکے کے وقت کوئٹہ کینٹ میں موجود تھے۔

 صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی سفیر اس وقت بھی کوئٹہ میں موجود ہیں اور میں ان سے مل کے آیا ہوں ، ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کل اپنی ایکٹیویٹی جاری رکھیں گئے اور وہ اپنا دورہ کوئٹہ مکمل کرکے روانہ ہوگے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سے پہلے  بھی ہماری فورسز نے دہشگردوں کو پکڑا  ہے اور  سزائیں بھی دی ہیں  لیکن افسوس کہ ہمارے اپنے لوگ ان  دشمنوں  کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر دہشتگردی کرتے ہیں اور کبھی کبھار دشمن اپنی مقاصد میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیاں دھماکے کی مکمل تحقیقات کررہی ہے، ہمارے اور ہماری سیکورٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں اور اس طرح کے دھماکوں سے ہم پھیچے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جاری ہیں اور اس سے پہلے اسطرح کے واقعات میں ہندوستان برائے راست ملوث رہا ہے اور ہم اس واقعہ میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا  دیں گے۔