محمد بن قاسم نے امن و محبت کے پیغام کے ذریعے سندھ میں اسلام کا پرچم بلند کیا؛امیر جماعت اسلامی محمد حسین محنتی

25

میرپورخاص،24اپریل ( اے پی پی ): امیر جماعت اسلامی سندھ  محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ محمد بن قاسم نے امن و محبت کے پیغام کے ذریعے سندھ میں اسلام کا پرچم بلند کیا اور اپنے حسن سلوک سے سندھ کے باسیوں کے دلوں کو فتح کیا۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سندھ  محمد حسین محنتی نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت  یوم باب الاسلام کے حوالے سے منعقدہ دعوت افطار کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ دنیا بھر کی ستم رسیدہ اور مظلوم انسانیت   آج پھر کسی محمد بن قاسم جیسے مجاہد کی منتظر ہے جو کہ کابل سے لیکر کشمیر و فلسطین اور برما سے لیکر شام وچیچنیا تک کے دنیا بھر کے مظلوم  مسلمانوں کو  یہودو ہنود  ونصاریٰ کے ظلم وبربریت اور قتل غارت سے  نجات دلائے، آج کے راجہ داہروں نے تکبر اور گھمنڈ میں خدائی دعویٰ کرکے پوری انسانیت کو اپنے شکنجے میں جکڑ لیا ہے، شیطانی نظام دنیا بھر میں  بھوک ،غربت،  افلاس استحصال و انسانیت کا قتل عام کی صورت میں اپنے پنجے گاڑ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی قید میں عافیہ صدیقی پر خواتین کے حقوق کے علمبرداروں نے جو ظلم وستم کیا اس نے انسانیت کو شرمسار کردیا ہے۔

 محمد حسین محنتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ   ایک مظلوم بہن کی پکار پر  مجاہد محمد بن قاسم نے سندھ کے باسیوں  کو ہندو  راجہ داہر کے ظلم سے نجات دلائی اور سر زمین سندھ کے ذریعے پورے برصغیر  کو اسلام کی روشنی سے منور کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے عادلانہ نظام کو محمد بن قاسم نے عملی طور پر نافذ کیا اور انسانوں کو ظلم وبربریت اور جبر و استحصال سے نجات ملی۔

امیر جماعت اسلامی سندھ  محمد حسین محنتی نے کہا کہ آج انسانیت  امن و انصاف کی تلاش میں ہے، یہ امن وانصاف انسانیت کو اسلام کے دامن میں ہی مل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و استحکام   اسلام سے وابستہ ہے جب تک پاکستان میں نظام مصطفیٰ قائم نہیں ہو جاتا، پاکستان اپنی حقیقی منزل حاصل نہیں کرسکتا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الہی مغل ، رفیق چوہان  نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع میں سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی سندھ مجاہد چنہ،ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ کے صدر سید لیاقت شاہ ، بزرگ راہنماوں  ڈاکٹر معصوم علی سیدی  ،عزیزالرحمان خان اور ضلعی قیم محمد راشد آرائیں سمیت سینکڑوں کی تعداد میں معززین شہر اور کارکنان وذمہ داران  جماعت اسلامی نے شرکت کی۔