سکھر:موٹر وے ہیڈ کواٹرمیں اسٹاف کے لئے فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار ، ایس او پیز  پر  مکمل  عملدرآمد کی  ہدایت

19

سکھر،27اپریل(اے پی پی ): کورونا ایس او پیز پرسختی سے عمل کرواتے ہوئے ایس پی موٹر وے این فائیو جاوید اقبال چدھڑ کی سخت ہدایت پر ایس پی موٹر وے آفس اور موٹر وے ہیڈ کواٹر سکھر میں یونیفارم اور بغیر یونیفارم اسٹاف کے لئے فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر نے اسٹاف کو ہدایات جاری کی ہیں کہ فیس ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے سمیت سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھا جائے،ایس پی موٹر وے کے احکامات پر تمام اسٹاف مزید سختی سے ایس او پیز پر عمل پیرا ہیں اور باہر سے آنے والے سائلین کو بھی دفتر آنے سے پہلے ایس او پیز پر عمل کرایا جارہا ہے  تاکہ اس موذی وباءسے موٹر وے پولیس کے افسران و ملازمین سمیت عام عوام محفوظ رہ سکیں۔ اس کے علاوہ ٹریفک چالان  کرتے وقت سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی  ہدایت کی  گئی ہے ۔

موٹر وے پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ نیشنل ہائی وے پر عام ڈرائیورز کو بھی ایس او پیز کے حوالے سے آگاہی دی جائے تاکہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اپنی اور دوسروں کی قیمتی زندگیوں کو محفوظ بنا یا جاسکے۔

واضح رہے کہ موٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں کو محکمے کی جانب سے فیس ماسک اور سنیٹائزر وقتاً فوقتاً فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ دوران ڈیوٹی کورونا ایس او پیز پر عمل پیرا ہوکر موذی وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔