گلگت بلتستان پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں؛آئی جی محمد سعید وزیر

32

غذر،28 اپریل (اے پی پی):انسپکٹرجنرل پولیس گلگت بلتستان محمد سعید وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خوشید گلگت بلتستان پولیس کی نفری میں اضافے اور اصلاحات کے لیے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں  اور وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں، گلگت بلتستان پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل نے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس صوبے کے بجائے آبادی کی تناسب سے تعینات کی گئی ہے اس بات کا خیال نہیں رکھا گیا ہے کہ گلگت بلتستان ایک صوبہ ہے جہاں ایک صوبائی اسمبلی ، اسٹیبلشمنٹ ، عدالتیں اور حساس مقامات بھی ہیں، ان سب کی سیکورٹی  کی ذمہ داری پولیس کی ہوتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  پولیس فورس کی نفری آبادی اور کرائم کے تناسب سے ہی نہیں کی جاتی بلکہ کل رقبہ کو بھی مدد نظر رکھنا ہوتا ہے جبکہ گلگت بلتستان کی سرحدی حدود مختلف ممالک سے ملتی ہے جس کی سیکورٹی کی ذمہ داری بھی پولیس کی ہے۔