کوئٹہ۔28اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان میں امن و امان، سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، مراد سعید، زبیدہ جلال، گورنر بلوچستان جسٹس ر امان اللہ، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان، بلوچستان کے صوبائی وزرا اور سینئیر افسران نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے وزیر اعظم کو بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال، احتیاطی تدابیر اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ رمضان المبارک میں اشیائے ضرور یہ کی مناسب قیمتوں پر دستیابی، صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی سطح پر فنڈز کی فراہمی، توانائی کے وسائل، خصوصا قابل تجدید ذرائع توانائی کو بروئے کار لانے، زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے مجوزہ سفارشات پیش کی گئیں ۔ وزیر اعظم کو پاک ایران سرحدی علاقے میں بارڈر مارکیٹس کے قیام ، سماجی و معاشی ترقی کے مواقعوں سے استفادہ کرنے کے ضمن میں مختلف سفارشات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اس کے علاوہ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی ۔وزیراعظم نے بلوچستان میں امن و امان، سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کی جانب سے سفارشات اور تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقہ وفاقی اداروں کو ہدایات جاری کیں۔











